جتنے بھی افراد لوٹے ہوئے انہیں عمر بھر کیلئے نااہل کردینا چاہئے: شیخ رشید

01:23 PM, 28 Jun, 2022

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد: سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید نے کہا ہے کہ جتنے بھی افراد لوٹے ہوئے انہیں عمر بھر کیلئے نااہل کردینا چاہئے ، آرٹیکل 63 اے کا فیصلہ ابھی آنا باقی ہے ۔

حکومت پر تنقید کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ یہ مہنگائی کنٹرول کرنے آئے تھے ، مہنگائی نے انہیں کنٹرول کرلیا ۔ حکومت کی اتحادی جماعت ایم کیو ایم نے کہا "بہت ہوگیا" جبکہ باپ کہہ رہی ہے ہمارے ساتھ دھوکا ہوا ہے ۔

سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران خان کو سازش سے ہٹایا گیا لیکن وہ اب زیادہ مقبول ہوچکے ہیں ۔ عمران خان کے ساتھ 2 تاریخ کے جلسے کیلئے لال حویلی سے نکلوں گا ۔ عمران خان 2 تاریخ کو پُرامن جلسہ کرنے جارہے ہیں ۔ یہ جلسہ صرف اسلام آباد اور راولپنڈی کا جلسہ ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ایسا وزیراعلیٰ جس کا ابھی فیصلہ نہیں ہوا اور الیکشن کرایا جارہا ہے ۔ یہ غیر قانونی الیکشن ہیں ، ان کی کوئی حیثیت نہیں ۔ ساتھ ہی شیخ رشید نے 17 جولائی کو صاف اور شفاف انتخابات کرانے کی اپیل بھی کر دی ۔ سابق وزیر نے کہا کہ جولائی بہت اہم مہینہ ہے ، اہم فیصلے ہوسکتے ہیں ۔

سربراہ عوامی مسلم لیگ نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کیلئے مار کھانے والوں کو ضمنی الیکشن کا ٹکٹ نہیں ملا ، لوٹوں کو ٹکٹ دے کر مسلم لیگ (ن) نے اپنا بیانیہ دفن کردیا ۔

مزیدخبریں