اسلام آباد: مشیر قومی سلامتی ڈاکٹر معید یوسف نے کہا امریکی صدر جوبائیڈن نے فون کر کے ڈو مور کہنا ہے تو نہ کریں اور اگر ہم اڈے دینے کیلئے تیار ہو جائیں تو آج ہی ان کا فون آ جائے گا۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے مشیر قومی سلامتی نے کہا پاکستان چاہتا ہے افغان مسئلے کا سیاسی حل نکلے کیونکہ خانہ جنگی سے کوئی نہیں جیتے گا۔ افغان حکومت نے پاکستان سے متعلق غیر مناسب رویہ اپنایا ہے اور امریکا نے کوئی ڈیڈ لائن ہم سے پوچھ کر نہیں دی۔ ہم امریکا اور افغانستان کیساتھ اچھے تعلقات کے خواہاں اور مثبت بات چیت کیلئے ہمیشہ تیار ہیں۔
ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے مشیر قومی سلامتی کا کہنا تھا کہ افغانستان میں امن کا فیصلہ افغان فریقین کو کرنا ہے اور ہم مزید افغان مہاجرین کا بوجھ برداشت نہیں کر سکتے جبکہ افغان سرحد پر باڑ لگانے کا عمل جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوشش ہے افغانستان میں معاملات مزید خراب نہ ہوں۔ قومی سلامتی اجلاس کا ایجنڈا صرف خطے کی صورتحال ہے۔