متحدہ عرب امارات کیجانب سے پاکستان پر عائد سفری پابندیوں میں توسیع

09:28 PM, 28 Jun, 2021

ابوظہبی: متحدہ عرب امارات نے عالمی وبا کے سبب پاکستان سمیت 14 ممالک کے لیے پروازوں پر عائد پابندی میں 21 جولائی 2021 تک توسیع کر دی ہے۔

متحدہ عرب امارات کی جنرل سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے اس سلسلے میں اتوار کو باضابطہ اعلامیہ جاری کر دیا گیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق نوٹس ٹو ایئرمین(نوٹم) میں جنرل سول ایوی ایشن جی سی اے اے نے کہا کہ وبائی امراض کی وجہ سے پاکستان سمیت 14 ممالک کی پروازیں 21 جولائی 2021 تک معطل رہیں گی۔ تاہم انہوں نے کہا کہ کارگو پروازوں کے ساتھ، ساتھ کاروبار اور چارٹر پروازوں کو معطلی سے استثنیٰ دیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ 21 جولائی تک جن ممالک کی پروازوں پر پابندی عائد کی گئی ہے ان میں پاکستان، ہندوستان، لائبیریا، نمیبیا، سیرا لیون، کانگو، یوگانڈا، زیمبیا، ویتنام، بنگلہ دیش، نیپال، سری لنکا، نائجیریا اور جنوبی افریقہ شامل ہیں۔

اس سے قبل 19 جون کو متحدہ عرب امارات نے کہا تھا کہ ان لوگوں پر داخلے پر پابندی ہو گی جو گزشتہ 14 دنوں میں ہندوستان، نائیجیریا اور جنوبی افریقہ کے دورے کر چکے ہیں اور 23 جون سے نرمی کا عندیہ دیا گیا تھا۔

مزیدخبریں