کراچی: پاکستان سٹاک مارکیٹ میں رواں ہفتے کے پہلے کاروباری روز کے دوران 601 پوائنٹس کی بد ترین مندی ریکارڈ کی گئی جبکہ امریکی کرنسی کی قدر میں مزید 60 پیسے کا اضافہ ہو گیا۔
سٹیٹ بینک آف پاکستان کی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق رواں ہفتے کے پہلے کاروباری روز کے دوران انٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر ایک مرتبہ پھر 60 پیسے مہنگا ہو گیا اور قیمت 157 روپے 62 پیسے سے بڑھ کر 158 روپے 22 پیسے ہو گئی ہے۔
دوسری طرف پاکستان سٹاک مارکیٹ میں بدترین مندی ریکارڈ کی گئی، 100 انڈیکس 601.01 پوائنٹس گر گیا جس کے باعث انڈیکس 47002.35 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا۔
پورے کاروباری روز کے دوران کاروبار میں 1.26 فیصد کی تنزلی دیکھی گئی جبکہ 22 کروڑ 38 لاکھ 82 ہزار 500 شیئرز کا لین دین ہوا جس کے باعث سرمایہ کاروں کو 80 ارب روپے سے زائد کا نقصان برداشت کرنا پڑا۔