انقرہ: ترکی نے کورونا کے نئے کیسز میں نمایاں کمی آنے پر ملک بھر میں یکم جولائی سے کورونا پابندیاں ختم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ترکی میں عالمی وبا پر کافی حد قابو پا لیا گیا ہے جس کے باعث کورونا کے نئے کیسز میں نمایاں کمی دیکھی گئی ہے اور معمولات زندگی کو مرحلہ وار بحال کیا جا رہا ہے۔
ترکی کے وزارت داخلہ کی جانب سے جاری مراسلے میں 81 کو صوبوں کو کاروبار زندگی کو مرحلہ وار کھولنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ یکم جولائی سے لاک ڈاؤن ختم کر دیا جائے اور کاروباری مراکز سمیت سینما گھر بھی یکم جولائی سے کھول دیئے جائیں۔
لاک ڈاؤن کے خاتمے سے شادی بیاہ کی تقریبات اور اس میں مہمانوں کو کھانا پیش کرنے کی پابندی بھی ختم ہو جائے گی جس پر شہریوں نے خوشی کا اظہار کیا ہے۔ صفائی، ماسک اور سماجی فاصلوں پر عمل درآمد کی شرط پر ہوٹلوں میں قیام کی اجازت بھی ہو گی۔
عوامی مقامات پر موسیقی کی محافل، کھیل تماشوں، میلوں اور دیگر سماجی سرگرمیوں کی بھی اجازت ہو گی تاہم شرکا کے لیے ماسک پہننے اور میل جول میں فاصلہ رکھنے کی شرط برقرار رہے گی۔
دوسری جانب پاکستان سمیت درجنوں ممالک سے آنے والے سیاحوں کے لیے قرنطینہ کی شرط میں نرمی کر دی گئی ہے اب ان ممالک سے آنے والوں کو 14 دنوں کے بجائے 10 دن قرنطینہ کرنا ہو گا تاہم پی سی آر ٹیسٹ پیش کرنا لازمی ہو گا۔
خیال رہے کہ ترکی میں کورونا سے متاثر ہونے والوں کی تعداد 54 لاکھ سے زیادہ ہے اور اس مہلک وائرس سے 50 ہزار کے قریب افراد لقمہ اجل بن گئے تاہم ملک بھر میں 4 کروڑ 26 لاکھ اور 13 ہزار سے زائد ویکسین کی خوراکیں لگائی جا چکی ہیں۔