کراچی :قومی اسمبلی کے بعد سندھ اسمبلی میں بھی اپوزیشن اراکین نے حکومت کیخلاف نعرے بازی اور شورشرابا شروع کر دیا ،بات اسمبلی میں چارپائی اور بستر تک جا پہنچی ۔
سندھ اسمبلی میںاپوزیشن اراکین کی طرف سے چارپائی اور بستر لانے پر شورشرابا شروع ہو گیا ،اراکین چارپائی کو لے کر ایک دوسرے کے اوپر اُچھالتے رہے ،اپوزیشن ارکان کا کہنا تھا یہ جمہوریت کا جنازہ ہے ۔
سپیکر سندھ اسمبلی آغاسراج درانی نے کہا اپوزیشن اراکین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا اس قسم کی حرکت اسمبلی کا طریقہ کار نہیں ،آپ لوگ اسمبلی کے بے حرمتی کر رہے ہیں ،یہ مناسب با ت نہیں ،اپوزیشن ارکان کی طرف سے ہنگامہ آرائی او ر شورشرابے سے باز نہ آنے پر سپیکر آغا سراج درانی نے سندھ اسمبلی کا اجلاس منگل کی دوپہر 2 بجے تک ملتوی کر دیا ۔
سندھ اسمبلی کے ہال میں چارپائی پہنچنے کے واقعے بعد سوشل میڈیا پر یہ سوالات اُٹھنے شرو ع ہوگئے کہ سندھ اسمبلی کے اندر چارپائی اور بستر کیسے پہنچا؟ اپوزیشن جمہوریت کے جنازے کے لئے ایک فولڈنگ چارپائی ایوان کے اندر کیسے لائی؟ جو اپوزیشن نے کیا وہ غلط لیکن صوبائی اسمبلی کی سکیورٹی کیسے ناکام ہوئی؟ اتنی بڑی چارپائی ایوان کے اندر لائی گئی اور کسی کو نظر نہ آئی ،کیا یہ سپیکر کی ناکامی نہیں ہے؟