اسلام آباد (نیو نیوز) گیس فیلڈ کی سالانہ مرمت کے باعث سندھ کے بعد خیبرپختون خوا اور پنجاب میں بھی گیس بحران کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔
نیو نیوز کے مطابق وزارت پیٹرولیم کی سستی اور گیس فیلڈ کی سالانہ مرمت کے باعث ملک میں گیس کا بحران سنگین صورتحال اختیار کرنے لگا ہے اور سندھ کے بعد اب خیبرپختون خوا اور پنجاب کی صنعتوں کو بھی 10 روز کیلئے گیس کی فراہمی بند ہونے کا خدشہ ہے۔
ذرائع پیٹرولیم ڈویژن کا کہنا ہے کہ آج رات سے ایل این جی ٹرمینل سے گیس کی سپلائی بند ہونا شروع ہوجائے گی، اس دوران 600 ایم ایم سی ایف ڈی ایل این جی کی سپلائی بند ہونے کا امکان ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت ایل این جی پوری مقدار میں درآمد کرنے میں ناکام رہی ہے اور ایل این جی کے صرف 3 کارگو درآمد کیے گئے، سندھ میں گیس فیلڈ کی مرمت بھی بحران کا سبب بن رہی ہے، اور اس گیس بحران سے بجلی کی پیداوار میں بھی کمی آئے گی ، جس کے بعد آئندہ ایک ہفتے تک بجلی کا بحران بھی پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔