ناران: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کلین اینڈ گرین پاکستان ہمارا وژن ہے ۔ آنے والی نسلیں گرین اینڈ کلین پاکستان پر ہمارا شکریہ ادا کریں گی ۔
ٹائیگر فورس سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ نئی نسل کیلئے ایسا پاکستان چھوڑ کر جانا ہے جس پر وہ ہماری شکر گزار ہوں گی ، نئی نسل کیلئے ہم بہت سے گرانقدر اقدامات کرکے جائیں گے ۔
انہوں نے کہا کہ میں نے ناران کا سارا علاقہ اوپر سے دیکھا ہے۔ جب پہلے یہاں آتے تھے تو درخت کٹے نظر آتے تھے ، اب یہاں دوبارہ آیا ہوں تو دیکھا نئے درخت لگے ہوئے ہیں ، علاقے میں بہت زیادہ شجرکاری دیکھ کر خوشی ہوئی ہے ۔
وزیر اعظم نے کہا کہ دریائے کنہار میں گندگی پھینکی جاتی ہے ۔ قوانین کو سخت کرنے کی ضرورت ہے ۔ ہوٹلز ایسوسی ایشن سے ملاقات کی ہے انہیں بھی پابند بنایا گندگی نہ پھیلائیں ۔ انہوں نے کہا کہ نئے پاکستان میں نئی سوچ ہے ہمیں گندگی کو صاف کرنا ہے ۔ پہلے یہاں گندگی پڑی رہتی تھی کوئی اسے صاف نہیں کرتا تھا ۔
عمران خان نے کہا کہ پاکستان میں ٹورازم تیزی سے بڑھ رہی ہے ، ٹورازم سے یہاں کے علاقوں میں بہت زیادہ پیسہ آئے گا ، پاکستان میں بھی ٹورازم سے پیسے کما کر اسی علاقے پر لگائیں گے ۔
انہوں نے کہا کہ اس پیسے سے اس علاقے کا ایسے خیال رکھیں گے جس طرح سوئٹزرلینڈ رکھتا ہے ۔ سوئٹزر لینڈ ٹورازم سے 80 ارب ڈالر کماتا ہے ۔ سوئٹزرلینڈ میں قانون کی بالادستی ہے جسے کوئی توڑ نہیں سکتا ۔
وزیر اعظم نے کہا کہ یہاں کے ایم این ایز اور ایم پی ایز سے کہتا ہوں انہیں بھی اس علاقے کو بچانا ہے ۔ ہمیں اللہ تعالیٰ کی دی گئی نعمتوں کا خیال رکھنا چاہئے ۔