بیرون ملک پاکستانیوں سے متعلق شہباز شریف نے فراڈ پلان دیا: بابر اعوان

12:29 PM, 28 Jun, 2021

اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کے مشیر برائے پارلیمانی امور بابر اعوان نے کہا ہے کہ بیرون ملک پاکستانیوں سے متعلق اپوزیشن لیڈر نے فراڈ پلان دیا ، شہباز شریف چاہتے ہیں ایک کروڑ پاکستانیوں کو ووٹ کے حق سے محروم کر دیا جائے ۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے بابر اعوان نے کہا کہ ، شہباز شریف نے 2 بار پارلیمان کی بالادستی کو ماننے سے انکار کیا ۔ حکومت پارلیمان کو سپریم سمجھتے ہوئے قانون سازی کرنا چاہتی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ حکومت سے مذاکرات کیلئے دروازے کھلے ہیں ۔ اپوزیشن آئین کے ساتھ کھلواڑ نہ کرے اور سودے بازی چھوڑ دے ۔ الیکٹورل ریفارمز بل ہوا تو اپوزیشن نے کہا اے پی سی بلائیں گے ۔

رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ اوورسیز سے عمران خان کا وعدہ ہے ان کو ووٹ کے حق میں شریک کریں گے ، پاکستانی جس خطے میں بھی ہو اس کو ووٹ کا حق ہے ۔

انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ فل بنچ نے کہا اوورسیز پاکستانیوں کا حق پہلے سے قانون میں موجود ہے اور وہ ملک کا حصہ ہیں ۔

وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ ن لیگ کو شفاف الیکشن سے کوئی دلچسپی نہیں ، شریف برادران صرف ملک میں حکمرانی چاہتے ہیں ۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے فرخ حبیب نے کہا کہ شہباز شریف نے ضمانت دی تھی نواز شریف کو واپس لائیں گے ، شہباز شریف کے پاس اخلاقی جواز نہیں اپوزیشن لیڈر رہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن لیڈر دوسروں کو نصیحت خود میاں فصیحت بنے ہوئے ہیں ۔

لیگی قیادت پر تنقید کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات نے کہا کہ چچا ضامن اور بھتیجی این آرا و مانگ رہی ہے ۔ ان سب کو بڑی رکاوٹ وزیراعظم نظر آتے ہیں ۔ یہ عدالتی فیصلوں کو بھی نہیں مانتے ۔

مزیدخبریں