بڑا ریلیف: حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات پر سیلز ٹیکس کی شرح مزید کم کردی  

09:59 AM, 28 Jun, 2021

اسلام آباد: حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات پر سیلز ٹیکس کی شرح میں کمی کرتے ہوئے رواں ماہ کے دوران دو مرتبہ بڑا ریلیف دیدیا ہے۔

فیڈرل بورڈ آف ریوینو (ایف بی آر) نے پٹرولیم مصنوعات پر عائد سیلز ٹیکس میں مزید کمی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے۔

ایف بی آر کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق ہائی سپیڈ ڈیزل اور پیٹرول پر سترہ فیصد سیلز ٹیکس کی شرح برقرار رکھی گئی ہے۔

اس کے علاوہ لائٹ ڈیزل پر سیلز ٹیکس دو اعشاریہ چوہتر فیصد سے کم کرکے 0.2 فیصد جبکہ مٹی کے تیل پر 9.15 فیصد کم کرکے 6.7 فیصد سیلز ٹیکس کر دیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ حکومت کی جانب سے رواں ماہ کے دوران دوسری مرتبہ پٹرولیم مصنوعات پر سیلز ٹیکس میں کمی کی گئی ہے۔

اس سے قبل حکومت نے 9 جون کو لائٹ ڈیزل پر سیلز ٹیکس کی شرح 3.67 فیصد اور مٹی کے تیل پر سیلز ٹیکس 15.44 فیصد سے کم کرکے 10.07 فیصد جبکہ ہائی سپیڈ ڈیزل اور پٹرول اور پر یہ شرح 17 فیصد برقرار رکھی تھی۔

حکومت نے 15 جون کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا فیصلہ کیا تھا۔ اوگرا کی جانب سے جاری نوٹی فیکیشن کے مطابق پٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 2 روپے 13 پیسے، لائٹ سپیڈ ڈیزل 2 روپے تین پیسے جبکہ مٹی کا تیل ایک روپیہ 89 پیسے اور ہائی سپیڈ ڈیزل ایک روپیہ 79 پیسے مہنگا کر دیا گیا ہے۔

حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد مٹی کے تیل کی نئی قیمت 81 روپے 89 پیسے، لائٹ سپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 79 روپے 68 پیسے، ہائی سپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 112 روپے 55 پیسے جبکہ پیٹرول کی نئی قیمت 110 روپے 69 پیسے ہو چکی ہے۔

مزیدخبریں