پاکستان میں کورونا وائرس سے مزید 20 اموات، 914 افراد میں وبائی مرض کی تصدیق

07:50 AM, 28 Jun, 2021

لاہور: ملک بھر میں کورونا وائرس کی عالمی وبا سے مزید 20 شہری موت کی وادی میں چلے گئے ہیں جبکہ 914 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی جانب سے جاری اعدادوشمار کے مطابق اموات میں حالیہ اضافے سے ملک بھر میں عالمی وبا سے جاں بحق ہونے والوں کی مجموعی تعداد 22 ہزار 231 تک جا پہنچی ہے۔

این سی او سی کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں 44 ہزار 496 افراد کے ٹیسٹ کیے گئے تھے جبکہ مثبت کیسز کی شرح 2.05 فیصد رہی۔

ملک بھر میں کورونا کیسز کی مجموعی تعداد 9 لاکھ 55 ہزار 657 ہو گئی جبکہ ایک کروڑ 47 لاکھ 93 ہزار 793 افراد کو کورونا ویکسین لگائی جا چکی ہے۔

دوسری جانب سندھ میں آج سے مزارات اور درگاہیں کھل جائیں گی۔ صوبے میں کورونا پابندیوں میں نرمی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔

کورونا کی وجہ سے سب سے زیادہ اموات صوبہ پنجاب میں ہوئیں جہاں دس ہزار سات سو انتیس افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

صوبہ سندھ میں پانچ ہزار چار سو اٹھارہ، خیبر پختونخوا چار ہزار تین سو آٹھ، اسلام آباد سات سو چھہتر، گلگت بلتستان ایک سو گیارہ، بلوچستان میں تین سو سات اور آزاد کشمیر میں پانچ سو بیاسی افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

اسلام آباد میں کورونا کیسوں کی تعداد بیاسی ہزار پانچ سو چھیانوے، خیبر پختونخوا ایک لاکھ سینتیس ہزار سات سو انسٹھ، پنجاب تین لاکھ پینتالیس ہزار 900، سندھ تین لاکھ چھتیس ہزار چھہتر، بلوچستان ستائیس ہزار چونسٹھ، آزاد کشمیر بیس ہزار دو سو ترتالیس اور گلگت بلتستان میں چھ ہزار انیس افراد کورونا سے متاثر ہو چکے ہیں۔

خیال رہے کہ اس وقت پورے ملک میں عالمی وبا کورونا وائرس سے بچاؤ کے حفاظتی ٹیکے لگائے جا رہے ہیں۔ اس سلسلے میں ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں خصوصی مراکز قائم ہیں۔

کورونا کے حفاظتی ٹیکے لگانے کیلئے گلگت بلتستان میں 16، آزاد کشمیر میں 25، اسلام آباد میں 14، بلوچستان میں 44، خیبر پختونخوا میں 280، سندھ میں 14 جبکہ صوبہ پنجاب میں 189 مراکز قائم ہیں۔

مزیدخبریں