نیو یارک: ٹیکنالوجی کی دنیا میں ایپل کو اہم مقام دلوانے والے آئی فون کے ڈیزائنر سر جونی آئیو نے کمپنی کو خیرباد کہہ دیا۔ سرجوناتھن نے آئی میک، آئی پوڈ اور آئی فون ڈیزائن کیے اور وہ تقریباً 30 سال تک اپیل سے وابستہ رہے جب کہ وہ اب ایپل کے بعد اپنی تخلیقی فرم بنارہے ہیں۔
انہیں 1996 میں ایپل کے بدترین معاشی بحران کے دور میں کمپنی کے ڈیزائن اسٹوڈیو کا سربراہ مقرر کیا گیا۔
جونی آئیو نے 1998 میں آئی میک اور 2001 میں آئی پوڈ متعارف کرایا جب کہ 2004 میں آئی پوڈ منی، 2007 میں آئی فون، 2008 میں میک بک ائیر، 2010 میں آئی پیڈ، 2015 میں ایپل واچ اور 2016 میں ائیرپوڈز متعارف کرائے۔
جونی آئیو کا حال ہی میں ختم ہونے والا پروجیکٹ ایپل پارک ہے جو برطانوی آرکیٹیکچر کے ساتھ ڈیزائن کیا گیا۔ایپل کے سربراہ ٹم کک نے کمپنی کی تجدید میں جونی آئیو کے کردار کو ناقابل فراموش قرار دیا ہے۔
جونی آئیو کا کہنا ہے کہ اپیل کے ساتھ گزرے تقریباً 30 سال اور متعدد پروجیکٹ پر انہیں فخر ہے۔
اس سے قبل اپریل میں ایپل کی ریٹیل چیف نے بھی اپنا عہدہ چھوڑا ہے اور سرمایہ کار آئی فون کی گرتی ہوئی فروخت سے پریشان ہیں۔