عمران خان نے بابا فریدکے مزار پر حاضری کے دوران سجدہ کردیا،سوشل میڈیا پر ہنگامہ برپا

01:04 PM, 28 Jun, 2018

پاکپتن : پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے رات گئے اپنے اہلیہ بشریٰ بی بی کے ہمراہ درگاہ بابا فرید پر حاضری دی۔عمران خان کی اپنی اہلیہ بشریٰ بی بی کے ہمراہ بابا فرید گنج شکر کے مزار پر حاضری دینے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو صارفین نے صوفیائے کرام سے عمران خان کی عقیدت کو خوب سراہا۔ ایک طرف جہاں عمران خان کی اس حاضری کو مثبت انداز سے دیکھا جا رہا ہے وہیں کچھ صارفین پی ٹی آئی چئیرمین عمران خان پر تنقید بھی کر رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:مسلم لیگ ن کے رہنما دانیال عزیز 5 سال کے لئے نااہل
پی ٹی آئی چئیرمین عمران خان کو مزار کے باہر اندر داخل ہونے سے قبل سجدہ ریز ہوتے ہوئے دیکھا گیا جس پر انہیں سخت تنقید کا سامنا ہے ، ناقدین کا کہنا ہے کہ عمران خان کو اچھی طرح علم ہے کہ وہ اب وزارت عظمٰی کے امیدوار  ہیں اور عین ممکن ہے کہ عمران خان وزارت عظمیٰ کے عہدے پر فائز ہونے کے لیے ہی یہ سب کر رہے ہوں، اب یہ ثابت ہو چکا ہے کہ عمران خان پاکستان کے وزیر اعظم بننے کے لیے کسی بھی حد تک جا سکتے ہیں جبکہ کچھ سوشل میڈیا صارفین نے پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کے سجدہ ریز ہونے کی تردید کی اور کہا کہ عمران خان نے سجدہ نہیں کیا البتہ انہوں نے ازراہ عقیدت مزار کی سیڑھیوں پر بوسہ دیا۔


سوشل میڈیا پر اس ویڈیو کو لے کر ایک نئی بحث چھڑ گئی ہے۔ کچھ صارفین عمران خان کو تنقید کا نشانہ بنانے میں مصروف تو کچھ ان کی حمایت میں ناقدین کو منہ توڑ جواب دینے میں مصروف ہیں۔ خیال رہے کہ پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان گذشتہ رات اپنی اہلیہ بشریٰ بی بی کے ہمراہ پاکپتن پہنچے اور بابا فرید گنج شکر کے مزار پر بھی حاضری دی۔ عمران خان نے بابا فرید گنج شکر کے مزار پر چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی بھی کی۔

یہ بھی پڑھیں:عدالت نے 24 بیویاں رکھنے والے شخص کو 6 ماہ کی سزا سُنا دی
اس موقع پر صوبائی اسمبلی کے حلقے پی پی 192 سے پی ٹی آئی کے امیدوار دیوان عظمت سید محمد چشتی بھی عمران خان کے ہمراہ تھے جبکہ سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں زلفی بخاری کو بھی دیکھا جا سکتا ہے۔ عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے بہشتی دروازے کے سامنے پھول بچھائے اور عمران خان نے مزار میں تبرکات تقسیم کیے۔ مزار کے سجادہ نشین دیوان احمد مسعود چشتی نے عمران خان کی دستاربندی کی۔

یہ بھی پڑھیں:فخر زمان نے انتخابات میں ووٹ سے متعلق اپنا فیصلہ سنا دیا


عمران خان اور دیوان احمد مسعود چشتی نے مزار کے اندر ون ٹو ون ملاقات بھی کی۔ جس کے بعد پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان وہاں سے روانہ ہوگئے۔ عمران خان کی بابا فرید گنج شکر کے مزار پر دی جانے والی اس حاضری کی ویڈیو پر صارفین نے تبصرہ کیا ہے کہ پی ٹی آئی چیئرمین اس سے قبل بھی کئی مرتبہ یہاں حاضری دے چکے ہیں لیکن پہلے کبھی بھی انہوں نے مزار کے داخلہ دروازے پر جھک کر سجدہ نہیں کیا۔ سوشل میڈیا پر عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی وائرل ہوئی۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

مزیدخبریں