کاغذات مسترد ہونے کا فیصلہ شاہد خاقان اور فواد چوہدری نے چیلنج کر دیا

کاغذات مسترد ہونے کا فیصلہ شاہد خاقان اور فواد چوہدری نے چیلنج کر دیا
کیپشن: دونوں رہنماؤں نے فیصلے کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کیا ہے۔۔۔فائل فوٹو

لاہور: سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور تحریک انصاف کےترجمان فواد چوہدری نے اپنے آبائی حلقوں سے کاغذات نامزدگی مسترد کیے جانے کا فیصلہ لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا۔

سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے اپنے وکیل خواجہ طارق رحیم کے توسط سے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی اور نااہلی کے فیصلے کو چیلنج کیا۔

 مزید پڑھیں: مسلم لیگ ن کے رہنما دانیال عزیز 5 سال کے لئے نااہل

شاہد خاقان عباسی نے درخواست میں مؤقف اپنایا ہے کہ ایپلٹ ٹریبونل نے اختیار سے تجاوز کیا ہے۔ ٹریبونل کو تاحیات نااہلی کا کوئی اختیار نہیں ہے۔درخواست میں ایپلٹ ٹریبونل کے فیصلے کو کالعدم قرار دینے کی استدعا کی گئی ہے۔

دوسری جانب ترجمان تحریک انصاف فواد چوہدری نے ہائیکورٹ میں دائر اپنی اپیل میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ ٹریبونل کےمطابق بیرون ملک دوروں پر 32 لاکھ اخراجات کی تفصیلات فراہم نہیں کیں۔ ٹریبونل نے حقائق کے برعکس کاغذات نامزدگی مسترد کیے۔

اپیل میں کہا گیا ہے کہ ٹریبونل کے مطابق اثاثہ جات کی تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔ ٹریبونل نے کاغذات نامزدگی کے ساتھ منسلک ان کے اثاثوں کی دستاویزات کا جائزہ نہیں لیا۔ کاغذات نامزدگی میں ایف بی آر کی مصدقہ کاپی ساتھ لف کی گئی تھی۔ ٹریبونل نے لف دستاویزات کو نظر انداز کرتے ہوئے نااہل قرار دے دیا۔ لہٰذا ٹریبونل کے فیصلے کو کالعدم قرار دیا جائے۔

یہ بھی پڑھیں: سبی سے 5 دہشت گرد گرفتار، اسلحہ اور مواصلات کے آلات برآمد

خیال رہے گزشتہ روز الیکشن ایپلٹ ٹریبونل نےسابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے ان کے آبائی حلقے این اے 57 مری سے کاغذات نامزدگی مسترد کردیئے تھے جب کہ ٹریبونل نے ترجمان تحریک انصاف فواد چوہدری کے بھی ان کے آبائی حلقے این اے 66 جہلم سے کاغذات مسترد کیے تھے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں