بلوچستان کے بالائی علاقوں میں شدید بارشوں کے باعث ندی نالوں میں طغیانی آگئی

بلوچستان کے بالائی علاقوں میں شدید بارشوں کے باعث ندی نالوں میں طغیانی آگئی

کوئٹہ: بلوچستان کے بالائی علاقوں میں طوفانی ہواؤں اور گرج وچمک کے ساتھ شدید بارشوں کے باعث ندی نالوں میں طغیانی آگئی ۔ کراچی خضدار روڈ ونگو کے مقام پر زیر آب آنے سے سینکڑوں مسافر پھنس گئے۔ ڈیرہ بگٹی میں گھر پر آسمانی بجلی گرنے سے ایک شخص جاں بحق جبکہ خواتین وبچوں سمیت گیارہ افراد زخمی ہوگئے۔

بارشوں کے باعث بولان ندی میں نچلے درجے کی سیلابی طغیانی اور آبی سطح پر اضافے کے پیش نظر پی ڈی ایم اے نے نزددیہاتوں کو پیشگی وارننگ جاری کر دی۔ بلوچستان کے علاقوں بولان، چاغی ، کوہلو، ڈیرہ بگٹی سمیت اکثر علاقوں میں گزشتہ روز سے تیز ہواؤں کے ساتھ بارشوں کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ جس کے باعث ندی نالوں میں طغیانی سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے ہیں۔

کوہلو میں گزشتہ شب کی موسلا دھار بارش کے باعث تین دیہات زیر آگئے ہیں۔خضدار میں ونگو کے مقام پر سڑک زیر آب آنے کے باعث کئی گاڑیاں اور سینکڑوں مسافر پھنس کر رہ گئے ہیں۔جن کو ریسکیو کرنے کے لئے ضلعی انتظامیہ نے اقدامات شروع کر دیئے ہیں۔

ڈیرہ بگٹی انتظامیہ کے مطابق گزشتہ شب پیرکوہ میں خیر محمد نوتھانی بگٹی نامی شخص کے گھر پر آسمانی بجلی گرنے سے زر خان موقع پر جاں بحق جبکہ خواتین وبچوں سمیت گیارہ افراد جھلس کر زخمی ہوگئے۔ زخمی ہونے والوں میں میر حاجی لعل خان، جمیشیر ، فرید ، خیر محمد، صدام، گل شیر ، نوس خان، مرید اور صلے خاتون شامل ہیں جنہیں ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال ڈیرہ بگٹی میں داخل کر دیا گیا ہے۔ جہاں بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

بلوچستان میں بارشوں اور سیلابی صورتحال کے مد نظر پی ڈی ایم اے میں ایمر جنسی نافذ کرکے تمام ملازمین کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں۔

مصنف کے بارے میں