لاڑکانہ: کمشنر لاڑکانہ ڈویژن محمد عباس بلوچ نے مون سون بارشوں کے باعث ڈویژن کے پانچوں اضلاع لاڑکانہ، قمبر شہدادکوٹ، شکارپور، جیکب آباد اور کشمور کندھ کوٹ میں ایمرجنسی نافذ کرکے تمام ضروری سہولیات فراہم کرنے کے لئے متعلقہ محکموں کے ملازمین کی چھٹیاں دس روز کے لئے منسوخ کر دی ہیں۔
مون سون بارشوں کے بعد ڈویژن کے پانچوں اضلاع میں بارشوں کا پانی جمع ہونے کا نوٹس لیتے ہوئے کمشنر نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی ہے کہ وہ بارشوں کا پانی نکالنے کے لئے عملی اقدامات اٹھائیں تاکہ عوام کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
دوسری طرف سکھر میں بھی عیدالفطر کے تینوں ایام بھرپور طور پر منائے گئے ، دریائے سندھ کے کنارے واقع شہر کی سب سے بڑی تفریح گاہ لب مہران ،محمد بن قاسم پارک ، بے نظیر بھٹو شہید پارک سمیت دیگر تفریحی مقامات ، باغات میں رش رہا، عورتوں بچوں سمیت لوگوں کی بڑی تعداد نے سیر سپاٹے کیے اور تفریح گاہوں کا رخ کیا، بچوں نے جھولے جھولے اورچیزیں کھا کرعید منائی۔
اس موقع پر لوگوں نے دریائے سندھ میں کشتی کی سیر کی، تاریخی بلند میر معصوم شاہ مینارہ پر چڑھ کر شہر کودیکھا، لوگوں کی بڑی تعداد نے عید کے تینوں روز قبرستانوں کا رخ کیا جہاں اسلامی تہوار کی خوشی کے موقع پر اپنے پیاروں کو یاد رکھتے ہوئے کی انکی قبروں پرفاتحہ پڑھی اور پھولوں کی پتیاں ڈالیں۔
عید کا دوسرا رو ز لوگوں نے رشتہ داروں عزیز وں دوست احباب کے گھروں کو جا کر میل ملاقاتیں کیں اور عید کی مبارکباد دیں۔پولیس انتظامیہ کیجانب سے عیدالفطر کے دوسرے روز بھی مختلف تفریحی مقامات پر سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے تھے۔ پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا گیا تھا۔