نئی دہلی : بھارت نے رنجیت سنگھ کی برسی میں شرکت کے لئے پاکستان آنے والے سکھ یاتریوں کو اٹاری ریلوے اسٹیشن پر روک دیا۔
تفصیلات کے مطابق نئی دہلی میں قائم پاکستانی قونصل خانے نے 300 سکھ یاتریوں کو رنجیت سنگھ کی برسی کی سالانہ تقریبات میں شرکت کے لیے پاکستانی ویزے جاری کیے تھے تاہم 150 سے زائد یاتریوں اٹاری اسٹیشن پر روک دیا گیا ہے۔
دوسری جانب ڈیڑھ سو سے زائد سکھ یاتری بھارت کے مختلف علاقوں سے واہگہ اٹاری بارڈر پہنچے جہاں انہوں نے پاکستان کی جانب سے ویزوں کے اجرا کے باجود بھارتی حکام کے عدم تعاون پر حکومت کے خلاف احتجاج کیا۔سکھ یاتریون کا کہنا تھا کہ وہ مہاراجہ رنجیت سنگھ کی برسی کی تقریبات میں شرکت کرنا چا رہے تھے لیکن بھارتی سرکار نے یاتریوں کے لیےکوئی خصوصی ٹرین نہیں چلائی جبکہ پاکستان نے سکھ یاتریوں کو مذہبی رسومات کی ادائیگی کے لیے ویزے جاری کیے تھے۔پاکستانی دفتر خارجہ کے ترجمان نفیس زکریا نے بھارت کی جانب سے سکھ یاتریوں کو ویزا جاری ہونے کے باوجود پاکستان آنے سے روکنے کو 'افسوس ناک'قرار دیا۔