رؤف حسن کا 2 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور، ایف آئی اے کے حوالے

04:00 PM, 28 Jul, 2024

اسلام آباد:رؤف حسن کا 2 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرتے   ہوئے ان کو  ایف آئی اے کے حوالے کردیاگیا ہے۔ 


ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد میں ایف آئی اے نے رؤف حسن اور دیگر کو 3 روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر ڈیوٹی جج مرید عباس کی عدالت میں پیش کیا، رؤف حسن اور دیگر کیخلاف پیکا ایکٹ کے تحت مقدمہ درج ہے۔

پی ٹی آئی سوشل میڈیا ایکٹیوسٹ سیدہ عروبہ کنول کو بھی جسمانی ریمانڈ حاصل کرنے کیلئے عدالت پیش کیا گیا، سیدہ عروبہ کو گزشتہ روز ایف آئی اے نے گرفتار کیا تھا۔

ایف آئی اے پراسیکیوٹر نے کہا کہ ریکارڈ میں ریاست مخالف ویڈیوز کے ٹرانسکرپٹ لگائے گئے ہیں جن کا فرانزک بھی کرانا ہے، مزید 8 دن کا جسمانی ریمانڈ درکار ہے، پیکا ایکٹ کے تحت 30 دن کا ریمانڈ حاصل کرسکتے ہیں، جب تک ملزمان کی کسٹڈی نہیں ہوگی تو ہم انکوائری کیسے کریں گے۔

ایف آئی اے پراسیکیوٹر نے بتایا کہ عروبہ پی ٹی آئی کے ایکس اکاؤنٹ کو ہینڈل کرتی ہیں، انہوں نے ابھی تک اکاؤنٹس کو سرنڈر نہیں کیا۔عدالت نے دلائل سننے کے بعد جسمانی ریمانڈ کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کیا  بعدازاں عدالت نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے رؤف حسن کا 2 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے انہیں ایف آئی اے کے حوالے کر دیا جبکہ پی ٹی آئی سوشل میڈیا ایکٹیوسٹ سیدہ عروبہ کنول کو جوڈیشل ریمانڈ پر بھیج دیا۔

مزیدخبریں