لاہور، کراچی، اسلام آباد: بارش سے موسم خوشگوار، گرمی کازور ٹوٹ گیا۔ لاہور میں کہیں ہلکی کہیں تیز بارش کی وجہ سے موسم خوشگوا ہے ۔ پنجاب کے دیگر متعدد اضلاع میں بھی بادلوں کا راج ہے۔
صوبائی دارالحکومت لاہور کے مختلف علاقوں ایبٹ روڈ، گڑھی شاہو، ڈیوس روڈ، ریلوے سٹیشن، مال روڈ، کینال روڈ، جیل روڈ، مزنگ چونگی، قرطبہ چوک، سمن آباد اور گلشن راوی ، چوبرجی، اسلام پورہ، مغل پورہ، گارڈن ٹاؤن، مسلم ٹاؤن، نشتر ٹاؤن اور گلبرگ کے اطراف میں موسلادھار بارش سے حبس ختم ہونے سے موسم خوشگوار ہوگیا ہے۔
ادھر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، راولپنڈی اور کشمیر میں صبح سویرے تیز بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا، جڑواں شہروں میں صبح سے تیز اور ہلکی بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے جس کے باعث سڑکوں پر بارش کا پانی جمع ہوگیا ہے۔
گجرات میں بارش کا 50 سالہ ریکارڈ ٹوٹنے سے نشیبی علاقے پانی میں ڈوب گئے۔دوسری جانب پی ڈی ایم اے کے مطابق 29 سے 31 جولائی کے دوران جنوبی پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بارش کے امکانات ہیں۔