حقیقی زندگی مختلف, ڈراموں کی طرح  جھگڑا نہیں کرتے: سنیتا مارشل

03:59 PM, 28 Jul, 2023

نیوویب ڈیسک

کراچی:اداکارہ سنیتا مارشل کاکہنا ہےکہ  ڈراموں کی طرح حقیقی زندگی میں جھگڑا نہیں کرتے۔ ڈرامے ’بے بی باجی‘ میں اسما کا کردار ادا کرنے والی سنیتا مارشل کا کہنا ہے کہ وہ اور ان کے شوہر حسن احمد حقیقی زندگی میں ڈراموں کی طرح نہیں لڑتے اور نہ ہی کرداروں کا ان پر اثر ہوتا ہے۔
دونوں میاں اور بیوی نے ’بے بی باجی‘ میں بھی شوہر اور اہلیہ کا کردار ادا کیا ہے۔ جس میں دونوں کے درمیان چپقلش ہوتی رہتی ہے، تاہم ڈرامے میں سنیتا مارشل کو مظلوم اور ہر بری بات برداشت کرنے والی بیوی کے طور پر دکھایا گیا ہے۔

ڈرامے میں حسن احمد ہر وقت اپنی اہلیہ پر چلاتے رہتے ہیں اور انہیں منفی کردار کی وجہ سے تنقید کا بھی سامنا ہے جب کہ سنیتا مارشل کو انتہائی معصوم بننے پر بھی لوگ آڑے ہاتھوں لیتے دکھائی دیتے ہیں۔ڈرامے اور حقیقی زندگی میں فرق کے حوالے سے دونوں نے بات کرتے ہوئے کہا  شادی کے بعد دونوں دوسری مرتبہ آن سکرین بھی میاں اور بیوی بنے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ماضی کے مقابلے اس بار انہیں ایک ساتھ کام کرنے میں بہت مزہ آ رہا ہے اور انہیں اس بار زیادہ محنت بھی نہیں کرنی پڑی۔اسی حوالے سے ایک سوال کے جواب میں سنیتا مارشل نے کہا پہلی بار آن سکرین میاں اور بیوی بننے پر دونوں شوٹنگ کے دوران مسکرا دیتے تھے لیکن اس بار ایسا کچھ نہیں ہوا۔ان کے مطابق پہلے دونوں کے درمیان ڈرامے میں رومانس زیادہ دکھایا گیا تھا، جس وجہ سے وہ شوٹنگ کے وقت مسکرا دیتے تھے لیکن ’بے بی باجی‘ میں ان کے درمیان لڑائی بہت دکھائی گئی ہے، جس وجہ سے انہیں کوئی مشکل پیش نہیں آتی۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ ان کی حقیقی زندگی بہت مختلف ہے، وہ اس طرح لڑائی جھگڑے نہیں کرتے اور نہ ہی اب شوٹنگ کے بعد ان پر کرداروں کا اثر ہوتا ہے۔

مزیدخبریں