ایم پی اے اسلم ابڑو کے بھائی اور بھتیجے کا قاتل بلوچستان فرار

02:41 PM, 28 Jul, 2023

نیوویب ڈیسک

کراچی : ڈیفنس میں رکنِ صوبائی اسمبلی اسلم ابڑو کے بھائی اور بھتیجے کے قتل میں ملوث مرکزی ملزم کے بلوچستان فرار ہونے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔

پولیس ذرائع کے مطابق ملزم کا موبائل فون گزشتہ روز بلوچستان میں سوئچ آف ہوا۔

ذرائع کے مطابق زیرِ حراست 4 افراد میں ملزم کے 2 قریبی رشتے دار شامل ہیں جبکہ واردات میں استعمال ہونے والی کار کا بھی سراغ لگا لیا گیا ہے۔ دہشت گردی میں استعمال ہونے والی کار پر اصلی نمبر پلیٹ لگی ہوئی تھی جس کی مدد سے ممکنہ ملزمان کا سراغ ملا ہے۔

ذرائع کے مطابق کار 2008ء میں رجسٹرڈ ہوئی جو بعد میں کئی مرتبہ فروخت ہوئی لیکن خریداروں نے نام پر ٹرانسفر نہیں کرائی اور گاڑی کراچی میں اوپن لیٹر پر چلتی رہی۔تحقیقات کے دوران پولیس کار کے ایک کے بعد ایک مالک تک پہنچی تو اس کی فروخت کا انکشاف ہوا۔

واضح رہے کہ 26 جولائی کو کراچی کے علاقے ڈیفنس، قیوم آباد میں عائشہ مسجد کے قریب مسلح موٹر سائیکل سوار ملزمان نے کار پر فائرنگ کر دی تھی۔

مزیدخبریں