اسلام آباد: ملک بھر میں بجلی کا شارٹ فال 5 ہزار 39 میگاواٹ ہو گیا ہے اور ملک کے مختلف علاقوں میں 8 گھنٹے تک بجلی کی لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاور ڈویژن ذرائع کا کہنا ہے کہ اس وقت ملک میں بجلی کی مجموعی پیداوار 22 ہزار861 میگا واٹ جبکہ طلب 27 ہزار 900 میگا واٹ ہے اور یوں شارٹ فال 5 ہزار39 میگا واٹ ہو گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملک میں پانی سے6 ہزار 900 میگا واٹ، سرکاری تھرمل پلانٹس سے 1ہزار 105 میگاواٹ اور نجی شعبے کے بجلی گھروں سے 11 ہزار 221 میگا واٹ بجلی پیدا کی جا رہی ہے۔
ذرائع پاور ڈویژن کے مطابق ونڈ پاور پلانٹس 1 ہزار 90 میگا واٹ، سولر پلانٹس 120 میگاواٹ، بگاس سے چلنے والے پلانٹس سے 95 میگاواٹ اور جوہری ایندھن سے 2 ہزار 330 میگاواٹ بجلی پیدا کی جارہی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بجلی کی طلب اور رسد میں فرق کے باعث ملک کے مختلف علاقوں میں8 گھنٹے تک بجلی کی لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے جبکہ زیادہ لائن لاسز والے علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ بھی زیادہ ہے۔
بجلی کا شارٹ فال 5 ہزار 39 میگاواٹ، 8 گھنٹے تک لوڈشیڈنگ جاری
01:48 PM, 28 Jul, 2022