اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ضروری ہے تمام ریاستی ادارے مقررہ آئینی حدود میں کام کریں ۔
اپنی ٹویٹ میں شہباز شریف نے کہا کہ یہ سمجھنے کے بغیر ہم دائرے میں گھومتے رہیں گے ، کہیں پیش رفت نہیں ہوگی ۔ انہوں نے مزید کہا کہ قومی اسمبلی میں خطاب کا بنیادی مقصد جمہوری نظام کو مؤثر انداز میں چلانا تھا ۔
The core of my argument during my speech at NA was that for a democratic system to work smoothly & effectively, it is important that all state organs act within the domains stipulated by Constitution. Without understanding this, we will be moving in a circle, getting nowhere.
— Shehbaz Sharif (@CMShehbaz) July 28, 2022
گزشتہ روز وزیر اعظم نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ ایوان ماں کی طرح ہے آئین اسی ماں کی گود سے نکلا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 1973 کا آئین ذوالفقار بھٹو کی قیادت میں متفقہ منظور کیا گیا ۔ آئین نے ہی دنیا بھر میں پاکستان کو متحد اور مضبوط ملک پیش کیا ، آنے والے وقت میں بھی یہ آئین رہنمائی کرتا رہے گا ۔ 75 سال گزرنے کے باوجود آئین کے ساتھ کھلواڑ ہوتا رہا ہے ۔
شہباز شریف نے کہا کہ آئین نے اداروں کے اختیارات متعین کر دیئے ہیں ۔ آئین اداروں کو بتاتا ہے کہ اپنے دائرے میں رہ کر ملک کی خدمت کرنی ہے ۔ بدقسمتی سے ملک میں جمہوریت کا پودا بھر پور پروان نہ چڑھ سکا ۔
انہوں نے مزید کہا کہ 2018 کے الیکشن تاریخ کے بدترین جھرلو الیکشن تھے ۔ 2018 میں نااہل حکومت مسلط کی گئی ۔ کسی کو شک نہیں ہونا چاہئے کہ رات کے اندھیرے میں آر ٹی ایس بند ہوا ۔ پی ٹی آئی حکومت کی 4 سال کی کارکردگی قوم کے سامنے ہے ۔
شہباز شریف نے کہا کہ گزشتہ دور میں 20 ہزار ارب سے زائد کے قرض لیے گئے ۔ پی ٹی آئی کے دور میں لاکھوں لوگ بیروزگار اور بے گھر ہوئے ۔ 2018 کی اپوزیشن سیاست کو مقدم رکھتی تو ریاست کا اللہ ہی حافظ تھا ۔