لاہور: پاکستانی کوہ پیما علی سدپارہ کے صاحبزادے ساجد سدپارہ نے کے ٹو کی چوٹی سر کرلی۔
ساجد سدپارہ کے ہمراہ کینیڈین فوٹو گرافر اور فلم میکر ایلیا سیکلی اور نیپال کے پسنگ کاجی شرپا نے بھی کے ٹو کو سر کیا ہے۔ تینوں کوہِ پیماؤں نے آج صبح 7 بج کر 45 منٹ پر کے ٹو کو سر کرنے کا اعزاز حاصل کیا، ساجد سدپارہ نے دوسری بار کے ٹو سر کیا ہے۔
بدھ کو ٹوئٹر پر ساجد سدپارہ کے اکاؤنٹ سے لکھا گیا کہ انہوں نے والد کے جسدِ خاکی کو محفوظ کیا اور اسلامی روایات کے مطابق قرآن کی آیات تلاوت کیں اور اپنی والدہ کی خواہش کے مطابق عمل کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ میں نے قومی ہیرو علی سدپارہ کے جسدِ خاکی کو کیمپ فور تک پہنچایا اور اس میں ارجنٹائن سے تعلق رکھنے والے ایک کوہ پیما نے میری مدد کی۔ قوم کی جانب سے فاتحہ پڑھی اور قرآن کی آیات تلاوت کیں۔ جسدِ خاکی کو محفوظ کیا اور اس کے قریب پاکستان کا پرچم لگایا۔‘
خیال رہے کہ ساجد سدپارہ اپنے والد علی سدپارہ اور ان کے ساتھیوں کی لاشوں کی تلاش اور انہیں واپس لانے کے مقصد سے دوبارہ کے ٹو پر پہنچے ہیں۔
دو روز قبل ساجد سدپارہ اور ان کی ٹیم کی جانب سے کے ٹو کے بوٹل نیک پر ایک لاش کی نشاندہی کی گئی تھی جبکہ وزیراطلاعات گلگت بلتستان فتح اللہ خان نے دعویٰ کیا تھا کہ علی سدپارہ سمیت لاپتہ ہونے والے تینوں کوہ پیماؤں کی لاشیں مل گئیں ہیں۔