اسلام آباد سیکٹر ای الیون میں سیلابی صورتحال کے بعد اسد عمر کا اہم اعلان 

10:11 PM, 28 Jul, 2021

اسلام آباد:وفاقی وزیربرائے منصوبہ بندی ، ترقی اورخصوصی اقدامات اسد عمرکی زیرصدارت اسلام آباد کی حالیہ سیلابی صورتحال پر اہم اجلاس ہوا جس میں اسلام آباد کے سیکٹر ای الیون میں پیش آنے والے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی سی اسلام آباد کو فوری تحقیقات کی ہدایت کی گئی۔

 اجلاس میں وفاقی وزیر اسد عمر نے اسلام آباد کے سیکٹر ای الیون میں گھروں میں پانی داخل ہونے کی وجوہات اور غیر قانونی تعمیرات کی موجودگی پر سخت تشویش کا اظہار کیا، وفاقی وزیر نے ماں اور بیٹے کی موت پر شدید رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے اس واقع کی فوری تحقیقات کا حکم دیا۔ اسد عمر نے ای الیون کی تمام غیر قانونی تجاوازات یا ایسی تعمیرات جن کی وجہ سے بارش کا پانی کھڑا ہوا اس کو فوری طور پر مسمار کرنے کی ہدایات دیں۔

 کمشنر اسلام آباد عامر احمد نے اجلاس میں بتایا کہ اس واقع پر تحقیقات کا حکم دیاجا چکا ہے، اور جلد ہی تمام حقائق مکمل کر کے حکومت کو پیش کی جائیں گی۔ وفاقی وزیر نے ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کو ہدایات دیں کہ وہ اسلا م آباد کے سیکٹر ای الیون میں قائم تمام سوسائیٹیز کے حوالے سے فوری طور پر انکوائری اور غیر قانونی تعمیرات کا تعین کریں تاکہ ان سے متعلق ضروری اقدامات کیے جائیں۔

 وفاقی وزیر نے ڈپٹی کمشنر کو مزید ہدایت کی کہ وہ فوری طور پر ای الیون کے سیکٹر اور اس کے اردگرد نالوں کے قریب موجود کچی آبادیوں میں رہنے والے مکینوں کے لیے متبادل جگہ کا انتظام کریں ۔ انھوں نے تمام کچی آبادیوں میں فوری طور پر حفاظتی اقدامات سے متعلق اعلانات کروانے کی ہدایات کیں ۔

انھوں نے مزید بارشوں اور پانی کے خطرے میں اضافے کی صورت میں ان مکینوں کو کچی آبادیوں سے فی الفور محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے لیے انتظامات کیے جانے کی ہدایات کیں۔ 

مزیدخبریں