اسلام آباد :وزیر اعظم عمران خان نے حکومتی رہنمائوںاور ترجمانوں کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ اٹھارہ اگست کو حکومت کی تین سالہ کارکردگی رپورٹ جاری کی جائے گی،اس رپورٹ کے سلسلے میںتمام حکومتی رہنمائوں اور ترجمانوں سے تین سالہ کارکردگی رپورٹ پر تجاویز طلب کر لی گئی ہیں ۔
اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ تحریک انصاف ملک کی سب سے بڑی جماعت بن چکی ہے ، لیڈرشپ کا تقاضا یہ ہے کہ آپکے اندر پریشر برداشت کرنے کی صلاحیت ہونی چاہیئے ،وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس میں حکومتی رہنماوں اور ترجمانوں نے آزاد کشمیر الیکشن میں کامیابی پر وزیراعظم کو مبارکباد بھی پیش کی۔
وزیر اعظم نے کہا افغانستان کے معاملے پر ہم پر بہت بڑا پریشر آئے گا ہم پریشر میں آنے کے بجائے وہ فیصلے کریں گے جو عوام کی بہتری کے لیے ہوں گے ۔ مشکل فیصلے کرنے پھر ان پر کھڑا ہونا ہوتا ہے، کوویڈ کے دوران ہم نے مشکل فیصلے کیے، جن کے بہتر نتائج سامنے آئے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ ہم میں اور اپوزیشن میں نظریے کا فرق ہے ، ہم نظریے پر کھڑے رہے تو کبھی ناکام نہیں ہونگے ،انہوں نے کہا کہ 40 لاکھ افراد کو غربت سے نکالنے کا کامیاب پاکستان منصوبہ کل لانچ کررہے ہیں ۔
اجلاس میں زراعت کے شعبے میں اصلاحات پر ترجمانوں کو بریفنگ دی گئی، علامہ طاہر اشرفی نے مذہبی ہم آہنگی سے متعلق اقدامات پر بریفنگ دی ، ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ ایک سال میں مختلف شعبوں اقلیتوں کو سب سے زیادہ نمائندگی دی گئی ہے۔