چترال: محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ دوہفتوں کے دوران چترال کے مختلف علاقوں میں گلیشیئر پھٹنے کا خدشہ ہے ۔ صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی نے چترال انتظامیہ کو حفاظتی اقدامات کی ہدایت کر دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ترجمان پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ موسمیات نے گلیشیئر پھٹنے کا خدشہ ظاہر کیا ہے جس پر مقامی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کو صورت حال پر نظر رکھنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ پی ڈی ایم اے کا ایمرجنسی آپریشن سینٹر شب و روز فعال ہے، عوام کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لیے اضافی اسٹاف تعینات کر دیا گیا ہے، اور عوام کسی بھی نا خوش گوار واقعے کی اطلاع ہیلپ لائن 1700 پر دیں۔
ادھر چلاس کے گاؤں کھنر تھلپن میں بارش اور سیلاب نے تباہی مچا دی ہے، کھڑی فصلوں کو شدید نقصان پہنچا ہے، کھنیر نالے کے سیلابی ریلے میں بچے سمیت 2 افراد بھی بہہ گئے، بابوسر ناران شاہراہ مختلف مقامات پر بلاک ہو گئی ہے اور سیاح پھنس گئے۔
محکمہ موسمیات نے رواں ہفتے گلگت بلتستان میں بارشوں کی پیش گوئی بھی کی ہے،
پولیس کا کہنا ہے کہ بارش اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث استور ویلی روڈ ٹریفک کے لیے بند کر دی گئی ہے، اوپر ڈوئیاں استور کی سڑک بھی سیلاب سے بند ہوگئی ہے، سڑک کی بندش سے مسافر گاڑیاں جگلوٹ میں قیام پذیر ہیں۔
سخت موسم کے علاوہ دوسری طرف گلگت کے مختلف علاقوں میں پٹرول کی قلت کی شکایات بھی موصول ہوتی رہی ہیں، تاہم ترجمان وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے کہا ہے کہ پٹرول پمپس کو پٹرول فراہم کر دیاگیا ہے، ادھر سب ڈویژن جگلوٹ میں پٹرول پمپس میں گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگی ہوئی ہیں اور پٹرول کے حصول کے لیے پمپ پر ہاتھا پائی کے واقعات بھی رونما ہوئے۔