آذربائیجان کی فوج کی بلاجواز فائرنگ سے 3 فوجی اہلکار ہلاک اور دو زخمی ، ترجمان آرمینیا

07:10 PM, 28 Jul, 2021

نگورنو کاراباخ: آرمینیا کی فوج کا کہنا ہے کہ آذربائیجان کی فوج کی بلاجواز فائرنگ سے 3 فوجی اہلکار ہلاک اور دو زخمی ہوگئے ہیں ۔ 

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق آذربائیجان اور آرمینیا کے درمیان متنازعہ  علاقے کے قبضے کے لیے ہونے والی ہلاکت خیز جنگ کے بعد اب بھی جھڑپوں کا سلسلہ جاری ہے۔ تازہ جھڑپ میں آرمینیا کے 3 فوجی اہلکار ہلاک اور آذربائیجان کے دو فوجی زخمی ہوگئے۔

دونوں ممالک تازہ جھڑپ میں اشتعال انگیزی اور فائرنگ میں پہل کرنے کا الزام ایک دوسرے پر عائد کر رہے ہیں۔

آرمینیا کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اسٹاک کے ایک گاؤں کی سرحدی خلاف ورزی کرتے ہوئے آذربائیجان کی فوج نے پیش قدمی کی اور روکنے پر فائرنگ کردی جس میں ہمارے 3 فوجی ہلاک اور 2 زخمی ہوگئے۔

دوسری جانب آذربائیجان کی وزارت دفاع کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کلباجار ضلع میں آرمینیا کی فوج نے بلاجواز ہماری سرزمین کی جانب گولیاں برسائیں جس میں دو فوجی اہلکار زخمی ہوگئے۔ ہماری جنگ بندی کی پاسداری کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔

واضح رہے کہ گزشتہ برس متنازع علاقے نگورنو کاراباخ کے قبضے کے لئے 6 ہفتوں تک جاری رہنے والی جنگ روس کی مداخلت کے باعث نومبر میں ایک معاہدے کے تحت آرمینیا کے ہتھیار ڈالنے پر ختم ہوگئی تھی۔

مزیدخبریں