کچھ طاقتیں پاکستان میں استحکام  نہیں چاہتیں،وزیر خارجہ شاہ محمودقریشی

04:45 PM, 28 Jul, 2021

کراچی :وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے چائنہ کے ساتھ ہمارے  تعلقات کسی سے ڈھکے چھپے نہیں ،چین کے ساتھ دوستی کو کچھ طاقتیں نہیں سمجھ سکتیں،حکومتیں بدلتی رہیں لیکن چین سے تعلق بڑھتے رہے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کچھ قوتیں پاکستان میں سرمایہ کاری نہیں چاہتیں ،جان بوجھ کر پاکستان پر بزدلانہ حملے کروائے جاتے ہیں ،جانتے ہیں کچھ طاقتیں پاکستان میں استحکام نہیں چاہتیں ،انہوں نے کہا پاکستان اور چین مل کر ایسے تمام دشمن عناصر کے عزائم خاک میں ملا دینگے ۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا داسو واقعہ بزدلانہ کاروائی ہے جس میں چینی اور پاکستانی متاثر ہوئے ،جو کچھ مرضی ہو پاکستان اور چین کی دوستی کو کچھ طاقتیں نہیں سمجھ سکتیں ،پاکستان کی حکومتیں بدلتی رہیں لیکن چین سے تعلقات پہلے سے زیادہ بہتر ہو تے چلے گئے ۔

شاہ محمود قریشی نے سندھ کی حالیہ سیاست پر گفتگو کرتے ہوئے کہا اٹھارویں ترمیم کا راگ الاپنے والے اپنی کارکردگی تو بتائیں،سندھ کا محکمہ صحت آج بتاہ حال ہے ،اندرون سندھ تھرپار کر کی حالت سب کے سامنے ہے ،یہ لوگ قومی اسمبلی آکر تقریر کرتے ہیں کہ جمہوری روایات کا پاس ہونا چاہیے،ان لوگوں کو چاہیے پہلے سندھ میں بھی جمہوری روایات کا پاس کریں .

انہوں نے کہا سندھ پاکستان کا اہم صوبہ ہے ،تحریک انصاف اگر سندھ آتی ہے تو کوئی غیر جمہوری فعل نہیں ،لوگوں کو بتانا چاہتے ہیں کہ پیپلزپارٹی کے متبادل بھی ہیں ،سندھ کے لوگوں نے زرداری فیملی کو بے پناہ موقع دیا ،یہاں گورنس اور امن وامان کی کیا صورتحال ہےسب جانتےہیں ،یہاں کے لوگوں نے ویکسین کو بھی نہیں بخشا ،سندھ حکومت جواب دے 18 ویں ترمیم کے بعد صوبے کی ذمہ دار ی ان کے حوالے تھی آج انہوں نے سندھ کا بُرا حال کر رکھا ہے ۔

شاہ محمود قریشی نے کہا آج کچے کی صورتحال کا ذمہ دار کون ہے،تھر پارکر میں ہندو کمیونٹی کے ساتھ کیا رویہ رکھا گیا؟پنجاب اور سندھ کیلئےاسٹینڈرڈ الگ الگ ہیں،سندھ کے لوگ جس کیفیت سے دوچار ہیں سب کے سامنے ہے ،سندھ نے زرداری فیملی کو بے پناہ موقع دیا ،سندھ کے لوگ تبدیلی چاہتے ہیں،سندھ کے لوگ 12 سال سے متبادل دیکھ رہے ہیں۔

مزیدخبریں