یکم اگست سے تمام اسکولز کھول دیئے جائیں گے: سیکرٹری تعلیم

03:30 PM, 28 Jul, 2021

اسلام آباد: قائمقام سیکرٹری تعلیم آصف حیدر کی سربراہی میں صوبائی سیکرٹریز ایجوکیشن کے اجلاس میں متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا ہے تعلیمی اداروں میں موسم گرما کی چھٹیاں نہیں بڑھائی جائے گی ۔

تفصیلات کے مطابق اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ یکم اگست سے تمام اسکولز کھول دیئے جائیں گے ۔ اس سلسلے میں کورونا شرح کے مطابق صوبے خود فیصلے کریں گے ۔ اس کے علاوہ بورڈ امتحانات شیڈول کے مطابق جاری رہیں گے ۔

خیال رہے کہ پاکستان میں عالمی وبا کورونا وائرس کے یومیہ کیسز اور اموات میں مسلسل اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے ۔ ملک بھر میں چوبیس گھنٹے کے دوران 44 افراد کورونا سے جان کی بازی ہار گئے ہیں ۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے مطابق اموات میں حالیہ اضافے سے کورونا وائرس سے جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 23 ہزار 131 تک جا پہنچی ہے ۔

گزشتہ روز ملک بھر میں 52 ہزار 291 ٹیسٹ کئے گئے جن میں سے 4 ہزار 119 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی جبکہ مثبت کیسز کی شرح 7.8 فیصد رہی ۔

این سی او سی کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 10 لاکھ 15 ہزار 827 تک پہنچ چکی ہے ۔

مزیدخبریں