اسلام آباد :وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں طوفانی بارش کے باعث گھروں میں پانی داخل ہونے سے ماں بیٹا جاں بحق ہو گئے۔
اسلام آباد کے سیکٹر ای 11 میں گھروں میں پانی داخل ہونے سے خاتون اور ان کا بیٹا انتقال کر گئے۔
متاثرہ خاندان کےرکن کا کہنا ہے کہ صبح سوا 6 بجے گھر میں پانی داخل ہوا، ساڑھے 8 بجے تک گھر والے اپنی مدد آپ کے تحت پانی نکالتے رہے، 10 بجے کے بعد سی ڈی اے انتظامیہ مدد کو پہنچی۔
خیال رہے کہ اسلام آباد اور راولپنڈی میں رات سے جاری شدید بارش کے باعث علاقوں کی عمارتوں کے تہہ خانوں میں پانی جمع ہوگیا ہے، جس کے باعث لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
اسلام آباد میں ہونے والی بارشوں سے متعلق ڈی سی اسلام آباد حمزہ شفقات کا کہنا ہے کہ بادل پھٹنے (کلاؤڈ برسٹ) سے مختلف علاقوں میں سیلاب آیا۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات نے بادل پھٹنے کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ کوئی کلاؤڈ برسٹ نہیں ہوا۔