اسلام آباد :آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان السعود نے ملاقات کی جس میں ہاہمی دلچسپی کے دو طرفہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر )کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق جی ایچ کیو راولپنڈی میں ہونے والی ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے دو طرفہ امور اور افغان امن عمل سمیت خطے کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ شہزادہ فیصل بن فرحان السعود نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو ملاقات میں غیر متنزل حمایت کی یقین دہانی کرواتے ہوئے خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کے کردار اور کوششوں کو سراہا۔
اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے مابین تعلقات اخوت اور باہمی اعتماد پر مبنی ہیں، دونوں ممالک امن اور استحکام کے لیے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔
خیال رہے کہ سعودی وزیر خارجہ گزشتہ روز ایک روزہ دورے پر پاکستان آئے تھے، اس دوران انھوں نے صدر عارف علوی، وزیراعظم عمران خان اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے بھی ملاقات کی ۔