نالہ لئی میں طغیانی کا خدشہ، وزیراعلیٰ پنجاب نے متعلقہ اداروں کو الرٹ کر دیا

01:35 PM, 28 Jul, 2021

لاہور: راولپنڈی میں شدید بارش اور نالہ لئی میں طغیانی کا خدشہ ، وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے متعلقہ اداروں کو الرٹ کر دیا ۔

عثمان بزدار نے کہا کہ کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کیلئے انتظامیہ ، پی ڈی ایم اے اور ریسکیو 1122 تمام انتظامات مکمل رکھیں ۔ امدادی سرگرمیوں کیلئے ہمہ وقت تیار رہا جائے ۔ افسران دفاتر میں بیٹھنے کی بجائے فیلڈ میں نکلیں اور نکاسی آب کے کام کی نگرانی کریں ۔

واضح رہے کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور راولپنڈی میں طوفانی بارشوں سے نظام زندگی درہم برہم ہو گئی ہے ۔ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ضلعی انتظامیہ کے ساتھ فوج کے جوان بھی امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں ۔

نیو نیوز کے مطابق ، اسلام آباد کے علاقوں ای الیون اور ڈی بارہ میں متعدد گاڑیاں پانی میں بہہ گئیں ۔

ادھر ، راولپنڈی میں بھی طوفانی بارش سے نالہ لئی میں پانی کی سطح 17 فٹ تک بلند ہوگئی ، جس کے بعد انتظامیہ نے ایمرجنسی نافذ کرکے ٹرپل ون بریگیڈ کو بلا لیا ۔

اس وقت جڑواں شہروں کا نظام زندگی مفلوج ہو کر رہ گیا ہے ۔ سڑکیں اور گلیاں پانی سے بھری ہوئی ہیں ۔ صورتحال کے پیش نظر اسلام آباد ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور راولپنڈی کی ضلعی انتظامیہ کے تمام افسران اور عملے کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے ۔

مزیدخبریں