لاہور: نواز شریف کے سابق مشیر عرفان صدیقی کو اڈیالہ جیل سے رہا کر دیا گیا، عرفان صدیقی کو گزشتہ روز کرایہ داری ایکٹ پر گرفتار کرکے جیل بھیجا گیا تھا۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت کی جانب سے عرفان صدیقی کو گزشتہ روز کرایہ داری ایکٹ پر گرفتار کرکے جیل بھیجا گیا تھا۔ آج سپیشل مجسٹریٹ مہرین بلوچ نے عرفان صدیقی کی ضمانت منظور کی ہے۔ سابق مشیر کی گرفتاری پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ اعجاز شاہ کا کہنا تھا کہ لگتا ہے عرفان صدیقی کو مسلم لیگ(ن) نے ہی گرفتار کرایا ہے، عرفان صدیقی کی گرفتاری جس نے بھی کی، اُس نے تحریک انصاف کا فائدہ نہیں کیا۔
انہوں نے کہا کہ معلوم کرانا پڑے گا کہ ذمے دار کون ہے؟ دوسری جانب وزیراعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ عرفان صدیقی کی گرفتاری کی بات وزیراعظم کے علم میں بھی لائی گئی ہے۔