پاکستان تحریک انصاف کی جیت پر مٹھائی کھانا پی آئی اے ملازمین کو مہنگا پڑ گیا

06:15 PM, 28 Jul, 2018

اسلام آباد:پاکستان تحریک انصاف کی جیت پر مٹھائی کھانا پی آئی اے ملازمین کو مہنگا پڑ گیا۔

عام انتخابات 2018 میں پاکستان تحریک انصاف نے واضح اکثریت حاصل کی ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کی واضح برتری پر پی ٹی آئی اور عمران خان کے حامیوں نے خوب جشن منایا اور مٹھائیاں تقسیم کیں۔ پاکستان تحریک انصاف کی واضح کامیابی پر کئی دفاتر میں بھی خوشی منائی گئی اور مٹھائیاں تقسیم ہوئیں، لیکن قومی ائیرلائن پی آئی اے کے ملازمین کو پاکستان تحریک انصاف کی جیت پر مٹھائی کھانا مہنگا پڑ گیا جس پر انہیں وارننگ لیٹر جاری کر دیا گیا ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کی جیت کی خوشی میں پی آئی اے ملازمین کو مٹھائی مرکزی صدر پی آئی اے ایمپلائز انصاف فرنٹ نے کھلائی جو ان کو مہنگی پڑ گئی۔ڈپٹی جنرل مینیجر ایچ آر نے پی آئی اے کے دفاتر میں پاکستان تحریک انصاف کی جیت کی خوشی میں مٹھائیاں تقسیم کرنے کا نوٹس لیتے ہوئے ملازمین کے اکٹھے ہونے پر پابندی بھی عائد کردی۔

میڈیا رپورٹس  کے مطابق ڈپٹی جنرل مینیجر ایچ آر کی جانب سے جاری ٹیلیکس میں ملازمین کو پی آئی اے کے دفاتر اور دیگر پی آئی اے کے ملکیتی مقامات پر مجمع کی صورت میں اکھٹا ہونے اور مٹھائی تقسیم کرنے سے منع کر دیا گیا ہے ۔پی آئی اے حکام کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی جیت پر جشن منانا غیر ذمہ دارانہ حرکت اور ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہے۔ وارننگ لیٹر میں کہا گیا ہے کہ مستقبل میں محتاط رہیں ورنہ خلاف ورزی پر سنگین کارروائی ہوسکتی ہے۔وارننگ لیٹر وصول کرنے والے پی آئی اے ایمپلائزانصاف فرنٹ کے ملازمین میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کی جیت پر یہ جشن پی آئی اے کی لاہور کی بلڈنگ میں منایا گیا تھا.

مزیدخبریں