کابل :افغانستان کے مشرقی صوبے پکتیکا میں افغان اور امریکی فوج نے مشترکہ آپریشن کرتے ہوئے عالمی دہشت گرد تنظیم ’القاعدہ‘ سے تعلق رکھنے والے 2 مشتبہ دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
بین الاقوامی میڈیا کے مطابق صوبہ پکتیکا کے گورنر کے ترجمان محمد رحمٰن ایاز نے کہا کہ بدھ کی پوری رات اور جمعرات کی صبح تک جاری رہنے والی یہ لڑائی شمالی وزیرستان کی سرحد کے ساتھ واقع پہاڑی علاقے میں یہ لڑی گئی۔مشترکہ آپریشن میں ہلاک ہونے والے مشتبہ القاعدہ رہنماؤں کی شناخت اسد محسود اور گل ولی محسود کے ناموں سے ہوئی۔
دوسری طرف کابل میں جمعرات کے روز ہزاروں نوجوان افراد نے ملک بالخصوص دارالحکومت میں سیکیورٹی کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر مظاہرے کے دوران افغان صدر اشرف غنی اور چیف ایگزیکٹو عبداللہ عبداللہ کے استعفے کا مطالبہ کر دیا۔
واضح رہے کہ افغانستان میں حالیہ ہونے والے بم دھماکوں میں پیر کے روز کا خودکش کار بم دھماکا بھی شامل ہے، جس میں 24 افراد ہلاک اور 42 زخمی ہوئے۔