اسلام آباد: پاناما کیس کے فیصلے نے مسلم لیگ ن کی صفوں میں ہلچل مچا دی۔ نواز شریف کی نااہلی کے بعد نئے وزیراعظم کی بحث چھڑ گئی کہ کس کو وزیراعظم بنایا جائے۔ ذرائع کا کہناہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی اور مسلم لیگ ن کے اہم رہنما ایاز صادق کو وزیراعظم بنائے جانے کا قوی امکان ہے۔
ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ نواز شریف نے کلثوم نواز کو بھی وزیراعظم بنانے کی تجویز دی جس کو پارٹی نے مسترد کر دیا۔ اس سے پہلے وزیراعظم کے عہدے کیلئے مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال، خواجہ آصف اور شاہد خاقان عباسی کے نام اس عہدے کے لئے زیر غور رہے۔
یاد رہے آج سپریم کورٹ نے پاناما عملدرآمد کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف سمیت وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور رکن قومی اسمبلی کیپٹن (ر) صفدر کو بھی نااہل قرار دے دیا تھا۔
عدالتی فیصلے میں نواز شریف کو فوری طور پر وزارت عظمیٰ کا عہدہ چھوڑنے جبکہ الیکشن کمیشن کو فوری طور پر وزیراعظم کی نااہلی کا نوٹیفیکشن جاری کرنے کا حکم بھی دیا گیا۔
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں