قلعہ عبداللہ میں چیک پوسٹ پر حملہ ناکام، 5 دہشت گرد ہلاک، 2 جوان شہید

07:45 PM, 28 Jan, 2025

نیوویب ڈیسک

راولپنڈی:  قلعہ عبداللہ کے علاقے گلستان میں سکیورٹی فورسز نے چیک پوسٹ پر ہونے والے بڑے حملے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے 5 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ اس دوران 2 جوان شہید ہو گئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق دہشت گردوں نے ایک بارود سے بھری گاڑی چیک پوسٹ کی دیوار سے ٹکرا دی۔ فورسز نے فوری کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کی چیک پوسٹ میں داخل ہونے کی کوشش کو ناکام بنا دیا۔ اس کارروائی میں 2 خودکش بمباروں سمیت 5 دہشت گرد مارے گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق اس آپریشن کے دوران شہید ہونے والے جوانوں میں نائیک طاہر خان اور لانس نائیک طاہر اقبال شامل ہیں۔ دونوں جوانوں نے دشمن کا مقابلہ کرتے ہوئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔

پاک فوج کے ترجمان نے مزید کہا کہ علاقے میں کسی بھی دہشت گرد کے مکمل خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ سکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں اور جوانوں کی قربانیاں ہمارا عزم مزید مستحکم کرتی ہیں۔

مزیدخبریں