کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے تاجر برادری کو یقین دلایا ہے کہ اگر انہیں کسی بیوروکریٹ یا وزیراعلیٰ سندھ سے کوئی شکایت ہو تو وہ براہ راست ان سے رابطہ کریں، اور کسی اور جگہ شکایت کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ پیپلز پارٹی ان کے مسائل کو حل کرنے کے لیے ہم آہنگی کے ساتھ کام کرے گی۔
کراچی میں تاجروں کے اعزاز میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ سندھ میں پیپلز پارٹی کی حکومت ہے اور وہ تاجروں کے مسائل کے حل کے لیے ہمیشہ تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر تاجروں کو کسی قسم کی شکایت ہو تو انہیں کسی دوسرے فورم پر جانے کی ضرورت نہیں، وہ براہ راست ان سے آگاہ کریں۔
بلاول بھٹو نے سندھ میں امن و امان کی بہتری کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت کے تحت آج تاجروں کو بھتہ نہیں مانگا جا رہا، نہ ہی صنعتوں کو بند کرکے مزدوروں کو سیاسی جلسوں میں شرکت پر مجبور کیا جا رہا ہے، اور نہ ہی ان کی زندگیوں کو کسی قسم کا خطرہ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ تاجر برادری کا پاکستان کی اقتصادی ترقی میں اہم کردار ہے اور ان کے مسائل کا حل وقت پر ہونا چاہیے تھا۔ بلاول بھٹو نے سوال کیا، "کیا میں نے کبھی آپ کو تنگ کیا؟" اور کہا، "میں کیوں چاہوں گا کہ میرے یا میری حکومت کے نام پر تاجروں کو پریشان کیا جائے؟"
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ کراچی کا ماضی اب تاریخ کا حصہ بن چکا ہے اور ان مسائل کا حل نکالا جا چکا ہے۔ بلاول بھٹو نے اپنے خطاب کے اختتام پر کہا کہ "15 سال سے میری حکومت ہے، کیا میں نے آپ کو تنگ کیا؟" اور یقین دلایا کہ سندھ میں پیپلز پارٹی کی حکومت تاجروں کے مسائل کو حل کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کرے گی۔