لاہور:گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی پیکا ایکٹ کے خلاف ہر سطح پر آواز اٹھائے گی۔ لاہور میں پیپلز پارٹی کے سینئر رہنماؤں سے ملاقات کے دوران پیکا ایکٹ پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ پیپلز پارٹی ہمیشہ جمہوریت اور آزادی صحافت کے حق میں کھڑی رہی ہے اور وہ کسی بھی ایسے بل کا حصہ نہیں بنے گی جو آزادی صحافت میں رکاوٹ ڈالے۔ پیپلز پارٹی ایسے تمام اقدامات کی بھرپور مخالفت کرے گی جن سے صحافی برادری کو نقصان پہنچے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری جلد لاہور کا دورہ کریں گے اور پارٹی ورکرز و رہنماؤں سے ملاقات کریں گے۔ سردار سلیم حیدر نے کہا کہ پیپلز پارٹی پنجاب میں اپنا کھویا ہوا سیاسی مقام دوبارہ حاصل کرے گی، اور مسلم لیگ ن کو چاہیے کہ وہ پیپلز پارٹی کو اقتدار میں آنے کے بعد نظر انداز نہ کرے۔
گورنر پنجاب نے یہ بھی کہا کہ مسلم لیگ ن کو پیپلز پارٹی کے ساتھ کیے گئے معاہدوں پر عملدرآمد کرنا چاہیے اور پنجاب میں پیپلز پارٹی کے ورکرز کے ساتھ کسی بھی قسم کی زیادتی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ پیپلز پارٹی پورے پاکستان میں تیزی سے مقبول ہو رہی ہے اور بلاول بھٹو زرداری آئندہ وزیراعظم ہوں گے۔