وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے  فروری میں 20 ہزار گھروں کی تعمیر کا ہدف مقرر کر دیا 

03:07 PM, 28 Jan, 2025

نیوویب ڈیسک

لاہور:وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبہ بھر میں آئندہ ماہ فروری میں 20 ہزار گھروں کی تعمیر کا ہدف مقرر کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں ایک خصوصی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے مریم نواز نے "اپنی چھت اپنا گھر" پروگرام کی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا۔

اجلاس میں بے گھر شہریوں کو مفت پلاٹ دینے کے منصوبے پر بھی غور کیا گیا، جس کے تحت 9 ہزار 15 مکانات کی تعمیر کے لیے 8 ارب 20 کروڑ روپے کے قرضے جاری کیے گئے۔ مزید یہ کہ 2050 افراد کو مکانات کی تعمیر کے لیے قرض کی دوسری قسط فراہم کی جا چکی ہے۔

پروگرام کی بریفنگ میں بتایا گیا کہ "اپنی چھت اپنا گھر" پروگرام کے تحت 4841 گھروں کی تعمیر جاری ہے اور پورٹل پر وزٹ کرنے والوں کی تعداد 7 لاکھ 28 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔ تقریباً 4 لاکھ درخواستیں مکمل دستاویزات کے ساتھ جمع ہو چکی ہیں، جب کہ 74 ہزار سے زائد ڈرافٹ درخواستیں بھی پورٹل پر موجود ہیں۔

وزیراعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر 3 اور 5 مرلے کی ہاؤسنگ سکیموں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، اور عوام کو مفت پلاٹ دینے کے لیے ٹی او آرز مرتب کرنے کے لیے 8 رکنی کمیٹی قائم کی گئی۔ وزیراعلیٰ نے اس بات کا حکم دیا ہے کہ پنجاب میں گھروں کی تعمیر کا یہ ہدف ہر صورت پورا کیا جائے۔

مزیدخبریں