سینیٹ نے متنازع پیکا ترمیمی بل، ڈیجیٹل نیشن بل منظور کر لئے ، صحافیوں کا واک آؤٹ ، اپوزیشن کا شدید احتجاج

سینیٹ نے متنازع پیکا ترمیمی بل، ڈیجیٹل نیشن بل منظور کر لئے ، صحافیوں کا واک آؤٹ ، اپوزیشن کا شدید احتجاج

اسلام آباد: سینیٹ نے متنازعہ پیکا ترمیمی بل 2025 اور ڈیجیٹل نیشن پاکستان بل 2025 کی منظوری دے دی، جس پر اپوزیشن ارکان اور صحافیوں نے شدید احتجاج کیا۔

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر کی زیرصدارت اجلاس میں وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے پیکا ترمیمی بل کی منظوری کی تحریک پیش کی، جسے اپوزیشن اور میڈیا تنظیموں کی مخالفت کے باوجود ایوان نے کثرت رائے سے منظور کر لیا۔ بل کی منظوری کے بعد اپوزیشن ارکان ایوان میں طیش میں آ گئے اور احتجاج کرتے ہوئے ایجنڈے کی کاپیاں پھاڑ دیں۔

صحافیوں نے بھی پریس گیلری سے واک آؤٹ کر لیا اور اپوزیشن کی جانب سے "متنازعہ پیکا ایکٹ نامنظور" کے نعرے لگائے گئے۔ قائد حزب اختلاف شبلی فراز نے اپنی نشست پر کھڑے ہو کر احتجاج کیا اور کہا کہ اس بل کی منظوری بغیر مشاورت کے کی جا رہی ہے۔

وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے وضاحت پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ بل صرف سوشل میڈیا کے حوالے سے ہے اور صحافیوں کا اس سے کوئی تعلق نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس بل میں بہتری لائی جا سکتی ہے۔ دریں اثنا، سینیٹ میں ڈیجیٹل نیشن پاکستان بل کی منظوری کی تحریک بھی پیش کی گئی، جس پر پیپلزپارٹی نے حمایت کی جبکہ دیگر جماعتوں نے مخالفت کی۔

مصنف کے بارے میں