پی ٹی آئی کی عدم شرکت ، مذاکراتی کمیٹی کا اجلاس ملتوی، سپیکر کا کمیٹی برقرار رکھنے کا اعلان

پی ٹی آئی کی عدم شرکت ، مذاکراتی کمیٹی کا اجلاس ملتوی، سپیکر کا کمیٹی برقرار رکھنے کا اعلان

اسلام آباد: سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے پی ٹی آئی کی عدم شرکت کے باعث آج ہونے والے مذاکراتی کمیٹی کے اجلاس کو ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا ہے، تاہم کمیٹی کو برقرار رکھنے کا عندیہ دیا ہے۔

 ایاز صادق کا کہنا تھا کہ گزشتہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا تھا کہ 7 ورکنگ دنوں میں دوبارہ اجلاس ہوگا، اور آج یہ مدت پوری ہونے پر تمام جماعتوں کو اجلاس کی دعوت دی گئی تھی۔ تاہم، پی ٹی آئی کی طرف سے اجلاس میں شرکت سے انکار کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا کہ اجلاس ملتوی کیا جائے۔

سپیکر نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کے ارکان سے رابطہ کیا گیا تھا اور انہوں نے اپنی اعلیٰ قیادت سے مشاورت کے بعد شرکت کرنے کا وعدہ کیا تھا، تاہم آج وہ اجلاس میں شریک نہیں ہوئے۔ ایاز صادق کا کہنا تھا کہ مذاکرات کے بغیر سیاسی استحکام ممکن نہیں، اور ان کے دروازے ہمیشہ مذاکرات کے لیے کھلے رہیں گے۔

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے اس موقع پر کہا کہ حکومت پی ٹی آئی کے مطالبات کا جواب دینے کے لیے تیار ہے، اور ان کا ماننا ہے کہ مذاکرات ہی مسائل کا حل ہیں۔ انہوں نے یاد دلایا کہ 2014 کے دھرنے کے دوران بھی بات چیت کے ذریعے ہی معاملہ حل ہوا تھا۔

مصنف کے بارے میں