ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری کا امکان

ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری کا امکان

لاہور : محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں موسم کی تبدیلی کی پیشگوئی کی ہے۔ آج سے ملک کے بیشتر حصوں میں سرد موسم برقرار رہنے کا امکان ہے، جبکہ پہاڑی علاقوں میں رات کے اوقات میں شدید سردی متوقع ہے۔

اسلام آباد اور گرد و نواح میں موسم سرد اور خشک رہنے کے ساتھ ساتھ رات کے وقت مطلع ابر آلود رہنے کے علاوہ بوندا باندی کا امکان ہے۔ پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بھی سرد اور خشک موسم کا راج رہے گا، تاہم راولپنڈی، اٹک، جہلم، چکوال جیسے علاقوں میں رات کے اوقات میں تیز ہواؤں اور بوندا باندی کا امکان ہے۔

مری، گلیات اور دیگر پہاڑی علاقوں میں رات کے اوقات میں ہلکی بارش اور برفباری ہو سکتی ہے۔ خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہے گا، تاہم بالائی اضلاع میں شدید سردی کے ساتھ چترال، کوہستان، سوات اور کالام جیسے علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش اور برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

کشمیر اور گلگت بلتستان میں شام اور رات کے اوقات میں ہلکی بارش اور برفباری کا امکان ہے۔ سندھ اور بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہے گا، جبکہ بلوچستان کے شمالی علاقوں میں شدید سردی کا سامنا ہو گا۔

محکمہ موسمیات نے عوام کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے، خاص طور پر پہاڑی علاقوں میں سفر کرنے والوں کو برفباری اور سڑکوں کی صورتحال کے حوالے سے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ضرورت ہے۔

مصنف کے بارے میں