غزہ میں 2 ماہ کی عارضی جنگ بندی کیلئے کوششیں شروع

02:44 PM, 28 Jan, 2024

نیوویب ڈیسک

غزہ: غزہ کی صورت حال پر امریکی خفیہ ایجنسی سی آئی اے کے ڈائریکٹر ولیم برنز آج فرانس میں قطر، مصر اور اسرائیل کے حکام سے اہم ملاقاتیں کریں گے۔

سی آئی اے کے ڈائریکٹر ولیم برنز اتوار کو فرانس میں اسرائیل کی موساد انٹیلی جنس ایجنسی کے سربراہ ڈیوڈ بارنیا، قطری وزیر اعظم محمد بن عبدالرحمن الثانی اور مصری انٹیلی جنس چیف عباس سے ملاقات کے دوران قیدیوں کے تبادلے اور  مذاکرات کے لیےنئے معاہدے کی اہم تفصیلات پر تبادلہ خیال کریں گے۔ 

عرب میڈیا کے مطابق ملاقات میں غزہ میں عارضی جنگ بندی کے معاہدے کی تفصیلات پر بات چیت ہوگی۔ قیدیوں کے تبادلے کے معاہدے کے ساتھ اسرائیل کے حملے کو عارضی طور پر روکنے کے ممکنہ معاہدے پر پیش رفت کی اطلاعات ہیں۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی مذاکرات کار ایک ممکنہ معاہدے پر پیش رفت کر رہے ہیں جس کے تحت حماس 100 سے زائد اسرائیلی مغویوں کو رہا کرے گی۔

رپورٹس کے مطابق ممکنہ معاہدہ جنگ کو مکمل طور پر ختم نہیں کرے گا لیکن امریکی حکام کو امید ہے کہ یہ معاہدہ تنازع کے حل کے لیے بنیاد رکھ سکتا ہے۔

مزیدخبریں