لاہور: سپریم کورٹ کی طرف سے صنم جاوید خان کو الیکشن لڑنے کی اجازت ملنے کے بعد ریٹرننگ افسروں (آر اوز) نےدو قومی اور ایک صوبائی حلقے میں الیکشن لڑنے کیلئے انتخابی نشان الاٹ کردیئے۔
آر اوز نے حلقہ این اے 119 سے ریکٹ کا نشان، این اے 120 سے تصویر والا فریم کا نشان اور پی پی 150 سے تکیہ کا انتخابی نشان الاٹ کیاہے۔
خیال رہے کہ حلقہ این اے 119 میں صنم جاوید کے مدمقابل مریم نواز ہیں جس کے درمیان کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز سپریم کورٹ کے جسٹس منیب اختر کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے صنم جاوید کے کاغذات مسترد کیے جانے کے خلاف اپیلوں پر سماعت کرتے ہوئے انہیں تینوں حلقوں میں الیکشن لڑنے کا حکم جاری کیا تھا۔