اسلام آباد (آمنہ جنجوعہ) خواتین کسی سے کم نہیں، اسلام آباد کی رہائشی صائمہ خان مروت نے ریسٹورنٹ کھول لیا جس سے وہ اپنے اور بیٹی کے اخراجات پورے کر رہی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق صائمہ خان مروت سنگل پیرنٹ ہونے کی وجہ سے اپنی بیٹی کی پرورش اور تعلیمی اخراجات اٹھانے کیلئے ریسٹورنٹ چلارہی ہیں۔ اس باہمت خاتون نے آمنہ جنجوعہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم یافتہ ہوں اور اپنے اخراجات اٹھانے کیلئے نوکری کرنے پر اپنے کاروبار کو فوقیت دی۔
ان کا کہنا تھا کہ فاسٹ فوڈ، چپلی کباب، دیسی کھانوں سمیت تمام پکوان بنانے میں مہارت رکھتی ہوں اور ہوٹل پر طرح طرح کے کھانے بنانے کے علاوہ فروزن فوڈ ڈیلیوری اور کراکری کا کام بھی کرتی ہوں۔
اسلام آباد کی رہائشی صائمہ نے اپنی گفتگو میں مزید کہا کہ ضروری نہیں گھر سے نکل کر نوکری تلاش کی جائے بلکہ اپنی ثقافت کے ساتھ ساتھ اپنے شوق بھی پورے کئے جا سکتے ہیں۔
زندہ دل خاتون نے ثابت کر دیا کہ زندگی کے تمام شعبوں میں خواتین اس وقت مردوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہیں اور نوکریوں کے علاوہ اپنے کاروبار بھی چلا سکتی ہیں۔