لاہور : مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ نواز شریف کو نااہلی نہیں اہلییت کی سزا دی گئی ۔ نواز شریف کے خلاف سازش کرنے والے تمام کرداراللہ کے حساب کا نشانہ بن گئے ہیں۔
مریم نواز شریف نے وطن واپس آ کر اپنے پہلے عوامی خطاب میں کہا کہ جولائی 2017 میں ترقی کرتے پاکستان میں نواز شریف کو ایک اقامے پر نکال دیا گیا۔ 28 جولائی 2017 پاکستان کا بہت بڑا سانحہ تھا وہ دن ہے اور آج کا دن ہے پاکستان سنبھل نہیں رہا ۔
مریم نواز نے کہا کہ مجھے آج تک نہیں سمجھ آ رہی کہ نواز شریف کو نااہلیت کی سزا ملی یا اہلیت کی سزا ملی ۔ نواز شریف کی قیادت میں یہ ملک ایک بار پھر آگے جائے گا، میرا یہ آپ سے وعدہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف 3 دفعہ حکومت میں آئے لیکن انہوں نے حکومت سے نکال دیا ۔ دو دفعہ ملک سے نکال دیا لیکن آج بھی نواز شریف اس ملک کا سب سے بڑا لیڈر ہے۔ نواز شریف بار بار پہلے سے بڑھ کر طاقت سے واپس آیا اور آنے والے دنوں میں وہ پھر واپس آئے گا۔
انھوں نے کہا نواز شریف کے خلاف سازش کرنے والے سارے کردار اپنے اپنے انجام کو پہنچے یا نہیں پہنچے؟ نواز شریف، مریم نواز اور شہباز شریف نے آپ سے حساب نہیں لیا تم اللہ تعالیٰ کے حساب کتاب کا نشانہ بنے ہو۔
مریم نواز نے کہا کہ مجھے احساس ہے، نواز شریف کو احساس ہے کہ ملک میں مہنگائی ہے، بجلی، گیس اور روٹی مہنگی ہے لیکن قوم سے وعدہ ہے کہ نواز شریف ہی تھا جس نے قوم کو مشکل سے نکالا اور تین دفعہ ملک کو ترقی پر ڈالا تو امید رکھنا ترقی کرتا پاکستان بہت جلد واپس آئے گا۔
مریم نواز نے کہا کہ جو نئی ذمہ داریاں مجھے ملی ہیں، ایک دن بھی آرام سے نہیں بیٹھوں گی۔ آپ سے وعدہ ہے کہ جب تک آپ کو تکلیف نہیں نکالیں گے، آرام سے نہیں بیٹھیں گے۔ آٹھ مہینے کا حساب بعد میں پہلے گذشتہ چار برس کا حساب ہو گا۔ چار سال کی نااہلی اور غفلت نے معیشیت کو اس حال تک پہنچایا، جسے اب اسحاق ڈار کو بہتری کے لیے سپورٹ کرنا ہو گا۔