اسلام آباد: پیپلز پارٹی کے رہنماءقمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ عمران خان نے زرداری پر انتہائی گھناؤنا الزام عائد کیا ہے جس کی پرزور مذمت کرتے ہیں، عدلیہ سے کہتا ہوں کہ عمران خان کے پاس ایسا کوئی ثبوت نہیں اور الزام جھوٹا ہے، انہیں اس کی سزا دی جائے۔
تفصیلات کے مطابق پریس کانفرنس کرتے ہوئے قمر زمان کائرہ نے کہا کہ عمران خان کی سیاست الزامات سے شروع ہو کر الزامات پر ختم ہوتی ہے، عمران خان جب مشکل میں ہوتے ہیں تو وہ اداروں پر الزامات لگاکر سنسنی پھیلاتے ہیں، عمران خان کبھی عالمی اداروں پر انہیں ختم کرنے کی سازش کے الزامات لگاتے تھے، مخالفین کو جیلوں میں ڈالنا اور دشنام طرازی کرنا عمران خان کا طرہ امتیاز ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان روزانہ مخالفین کے خلاف ہرزہ سرائی کرتے اور انہیں گالیاں دیتے ہیں، عمران خان ایک بہترین سیاستدان نہیں بلکہ فاشسٹ سوچ کے مالک ہیں، عمران خان نے الزام لگایا ہے آصف زرداری نے دہشت گردوں کو پیسے دیدیئے ہیں، عمران خان کا یہ الزام انتہائی گھناؤنا ہے اور اس کی پرزور مذمت کرتے ہیں، عمران خان نے بغیر سوچے سمجھے آصف زرداری پر الزام لگایا ہے جو قابل مذمت ہے، عمران خان کو چاہئے تھا اگر ان کے پاس ثبوت موجود تھے تو اسے سامنے لاتے۔
قمر زمان کائرہ نے کہا کہ عمران خان کو چھوڑ کر جو لوگ گئے ان کے بارے کہا یہ لوگ باہر نہیں جاسکیں گے، عمران خان کہتے تھے لوگ ان کے بچوں کو سکولوں میں نہیں رکھیں گے، عدلیہ سے کہتا ہوں عمران خان نے بغیر کسی ثبوت کے براہ راست الزام لگایا ہے، عمران خان کے پاس اگر ثبوت موجود ہیں تو عدالت ایسی سازش کرنے والوں کو کڑی سزا دے، اگر عمران خان کے پاس ایسا کوئی ثبوت نہیں اور الزام جھوٹا ہے تو انہیں اس کی سزا دی جائے۔
پیپلز پارٹی کے رہنماءکا کہنا تھا کہ عمران خان پر جب وزیرآباد میں حملہ ہوا تو ہم نے عدلیہ سے کہا اس پر کمیشن بنائیں لیکن عمران خان کے اپنے لوگوں نے وزیرآباد واقعہ پر جے آئی ٹی بنائی، عمران خان کے اپنے انویسٹی گیٹرز نے کہا جس آدمی نے حملہ کیا اس کے علاوہ اور کوئی نہیں، عمران خان کل بھی سچے نہیں تھے اور آج بھی سچے نہیں،وہ ایک جھوٹے شخص ہیں، عمران خان تمام سیاسی جماعتوں کیخلاف برا بھلا کہتے رہتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ کل اسلام آباد میں عمران خان کی رہائش گاہ سے سکیورٹی ہٹانے پر بہت جھگڑا کیا گیا حالانکہ عمران خان نے لاہور میں ڈیرے ڈال رکھے ہیں، اسلام آباد میں نہیں رہتے، عمران خان کے پاس لاہور میں سکیورٹی موجود ہے جہاں وہ سکون سے رہ رہے ہیں۔