لندن: وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ نے کہا ہے کہ عمران خان ایک جھوٹا انسان ہے اور ہمیشہ الزام تراشی کرتا ہے اور اب وہ کہہ رہا ہے کہ زرداری صاحب اسے قتل کرانے کی سازش کر رہے ہیں، عمران خان مخالفین کے خلاف پراپیگنڈہ کر رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کی جانب سے آصف علی زرداری پر قتل کی سازش کا الزام عائد کرنے پر ردعمل دیتے ہوئے رانا ثناءاللہ کا کہنا تھا کہ پہلے عمران خان نے کہا کہ چارلوگوں نے میرے قتل کی سازش تیار کی، نام نہیں بتائے۔
انہوں نے کہا کہ بعد میں اس نے تین نام بتائے جس میں فوج کے سینئر افسر کے ساتھ میرا اور شہبازشریف کا نام تھا اور اب وہ کہہ رہا ہے کہ زرداری صاحب اسے قتل کرانے کی سازش کررہے ہیں، چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان مخالفین کے خلاف پراپیگنڈا کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کو خبردارکرتا ہوں کہ آپ کے خلاف کچھ دشمن قوتیں ہو سکتی ہیں، دشمن قوتیں سمجھیں گی کہ اس نے اپنے قتل کی ایف آئی آر پہلے کٹوادی ہے، الزام کسی اور پر آئے گا، عمران خان ایسے بیانات نہ دیں جو ان کی زندگی کیلئے خطرہ بن جائیں۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ 26 نومبر کو بھی آپ کیلئے بڑا تھریٹ تھا ، عمران خان ہوش کے ناخن لیں اور ایسا پراپیگنڈا جو آپ کیلئے خطرناک ہو، نہ کریں۔
عمران خان کی جانب سے زرداری پر قتل کا الزام عائد کرنے پر رانا ثناءاللہ کا ردعمل
12:06 AM, 28 Jan, 2023